ایس ایس پی کورنگی کا بڑا ایکشن، غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث 328 افسران و اہلکاروں کو سزائیں

منور خان  بدھ 28 اگست 2024
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی—فوٹو: کورنگی پولیس

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی—فوٹو: کورنگی پولیس

  کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے منظم جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سمیت دیگر الزامات کی بنیاد پر 328 پولیس افسران و اہلکاروں کو محکمہ جاتی سزائیں دے دیں۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی توحید رحمان میمن کے ترجمان کے مطابق محکمہ جاتی سزاؤں میں 5 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے، طویل اور غیر حاضری پر 14 پولیس اہلکاروں کی 6 ماہ سے 2 سالہ نوکری کم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی کورنگی نے منظم جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر 49 پولیس اہلکاروں کے سالانہ انکریمنٹ کی کٹوتی اور شوکاز نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی نے 83 پولیس افسران اور اہلکاروں کو کورٹ ڈیوٹی سے غیر حاضری، 177 پولیس اہلکاروں کو فیلڈ ڈیوٹی سے غیر حاضری پر ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کر دی ہے۔

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن کا کہنا تھا کہ پولیس کا کوئی بھی افسر، انچارج یا اہلکار کسی بھی غیر قانونی سرگرمی، غیر حاضری یا منظم جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت سے سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔