امریکی صدارتی انتخاب: کملا ہیرس کا اپنے نائب کے ساتھ جیورجیا بس دورہ شروع

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2024
کملا ہیرس کا صدارتی امیدوار بننے کے بعد جیورجیا کا دوسرا دورہ ہے—فوٹو: رائٹرز

کملا ہیرس کا صدارتی امیدوار بننے کے بعد جیورجیا کا دوسرا دورہ ہے—فوٹو: رائٹرز

جیورجیا: امریکا کے صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹس کی امیدوار اور نائب صدر کملا ہیرس اور نائب صدارت کے لیے امیدوار ٹم والز نے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم کے طور پر جیورجیا تک بس دورے کا آغاز کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدارتی انتخاب میں گزشتہ ماہ ڈیموکریٹس کے امیدوار کی تبدیلی کے بعد ڈرامائی تبدیلی آگئی ہے اور کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری کی امید ہے اور ان کو توقع ہے کہ سیاہ فام ووٹرز کی حمایت بھی حاصل ہوگی جو جیورجیا کی آبادی کا ایک تہائی حصہ ہیں اور وہاں سے جیت کے لیے انتہائی اہم حیثیت رکھتے ہیں۔

کملا ہیرس اور ٹم والز بس کے ذریعے جنوبی جیورجیا سے بھی گزریں گے جہاں سیاہ فام آبادی کا ایک بڑا حصہ آباد ہے جہاں مہم کے لیے مزید کارکنان کا انتخاب ہوگا اور دفاتر بھی کھولے جائیں گے اورہیرس ریلی کا اختتام سیوانا کے علاقے میں ہوگا۔

ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار کی مہم نے بیان میں کہا کہ ریاست کے اس حصے میں مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہاں ووٹرز میں مضافات، دیہات اور شہری علاقوں سمیت سیاہ فام ووٹرز اور ورکنگ کلاس کے طور پر تنوع پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کو کملا ہیرس پر حاصل برتری میں واضح کمی آنے لگی ہے، سروے

مہم نے کہا کہ کملا ہیرس کی جانب سے دورے میں معیشت اور خواتین کے حقوق کے ساتھ ساتھ مہنگائی کم کرنے کے وعدوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی توقع ہے۔

صدارتی امیدوار بننے کے بعد کملا ہیرس کا جیورجیا کا یہ دوسرا دورہ ہے، رواں ماہ کے شروع میں انہوں نے اٹلانٹا میں ریلی کا انعقاد کیا تھا، جس میں گلوکار میگن تھی اسٹیلیون نے شرکت کی تھی اور اس میں 10 ہزار سے زائد افراد شامل تھے۔

خیال رہے کہ جب صدر جوبائیڈن گزشتہ ماہ تک بطور اگلے صدارتی امیدوار میدان میں تھے تو جیورجیا میں ہونے والے سروے میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ان پر واضح برتری حاصل تھی اور سیاہ فام ووٹرز بھی ڈیموکریٹس ے متنفر دکھائی دیتے تھے۔

صدر جوبائیڈن کی دستبرداری اور کملاہیرس کی بطور صدارتی امیدوار سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹس کو امید پیدا ہوئی ہے اور ان کی انتخابی مہم بتدریج مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور مہم کے لیے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کے فنڈز جمع ہوگئے ہیں۔

جیورجیا میں حال ہی میں کیے گئے فائیو تھرٹی ایٹ شو کے سروے میں کملا ہیرس نے ٹرمپ کا اچھا مقابلہ کیا ہے اور ٹرمپ کے 46.6 فیصد ووٹر کے مقابلے میں محض معمولی کمی 46.0 فیصد کے ساتھ پیچھے ہے۔

مزید پڑھیں: کملا ہیرس کیساتھ صدارتی مباحثہ؛ ٹرمپ بہانے تراشنے لگے

رپورٹ کے مطابق 2020 کے صدارتی انتخاب سے قبل 1990 میں ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار کو جیورجیا سے حمایت مل گئی تھی۔

کملا ہیرس اگر صدارتی انتخاب جیت جاتی ہے تو وہ امریکی تاریخ میں پہلی خاتون صدر ہوں گی اسی لیے وہ سیاہ فارم اور جنوبی ایشیائی خاتون کی حیثیت سے سیاہ فارم ووٹرز کو ڈیموکریٹس کی حمایت کے لیے تیار کررہی ہیں اور ووٹرز کے نئے گروپ کو فعال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار 78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ جیورجیا میں جیت ہماری پارٹی کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہے اور خاص طور پر ہمارے کے لیے بہت اہم ہے۔

ٹرمپ کے حوالے سے خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 5 نومبر کو انتخاب کے دن سے پہلے ریاست جیوریا کے کئی دورے کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔