حسینہ واجد کو ائیرلفٹ ملی شہباز شریف کو یہ بھی نہیں ملے گی، امیرجماعت اسلامی

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2024
سب پارٹیوں نے آئی پیز کو فائدہ پہنچایا،حافظ نعیم الرحمن:فوٹو:فائل

سب پارٹیوں نے آئی پیز کو فائدہ پہنچایا،حافظ نعیم الرحمن:فوٹو:فائل

  اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بتانا چاہتا ہوں حسینہ واجد کو تو ائیرلفٹ مل گئی تھی آپ کو یہ بھی نہیں ملے گی۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بیان میں کہا کہ حکومت نے حالات تو بنگلا دیش جیسے بنا دئیے ہیں تاہم  ہم انتشار کی کوئی ایسی صورت نہیں چاہیں گے کہ حکومت کوعوامی ایشوزپر بھاگنے کا موقع مل جائے۔ شہبازشریف کو بتانا چاہتا ہوں حسینہ واجد کو تو ائیرلفٹ مل گئی تھی آپ کو یہ بھی نہیں ملے گی۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سے معاہدے کو 21 روز ہوگئے ہیں 45 دن گزریں گے تو حکومت سے ضرور زوردار طریقے سے پوچھیں گے۔ ہم 21 دن بھی گھر نہیں بیٹھے۔ ہمارے دباؤ سے ایک صوبے کی حد تک ہی سہی 14 روپے یونٹ بجلی سستی ہوئی۔ تاجرتنظیموں کو اکٹھا کرنے میں جماعت اسلامی نے اہم کردار ادا کیا۔ ہم نے عوام کو حق دو کا شعور دیا ہے۔ خاندانی سیاست کے بارے میں شعور دیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ چند عالمی آئی پیز اپنی جگہ شریف فیملی اپنی آئی پیز کا منافع کم کرے۔ جب آپ اپنی آئی پیز کا پیسہ چھوڑنے کو تیار نہیں تو چین یا کوئی دوسرا ملک کیوں چھوڑے گا۔ اپنی آئی پیز کی کیپیسٹی پیمنٹس ختم کریں گے تو دنیا آپ کو سنجیدہ لے گی۔ پاکستان میں سینکڑوں ارب روپے والی کیپیسٹی پیمنٹس آئی پیز کو بند کریں۔ سب پارٹیوں نے آئی پیز کو فائدہ پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ 18-2017 تک انکم ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کرکے اربوں روپے کھائے گئے۔ ہزاروں ارب قوم کا صرف انکم ٹیکس میں کھا گئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی اس مسئلے پر بات نہیں کررہا ہے۔ پی پی پی بھی معاشی تباہی کی پوری طرح ذمہ دار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔