کراچی؛ شوہر کے قتل کا مقدمہ بیوی کیخلاف درج، ملزمہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 29 اگست 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: ڈاکس پولیس نے سلطان آباد میں شوہر کے قتل کا مقدمہ بیوی کے خلاف درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی علیٰ الصبح ڈاکس تھانے کے علاقے سلطان آباد نیوحاجی کیمپ مکوڑا گلی میں واقع گھر میں نامعلوم مسلح ملزمان نے 45 سالہ شمروز خان ولد فیروز خان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

ڈاکس پولیس نے مقتول شمروز خان کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 24/458 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت مقتول کے بھائی غنی ستان خان خٹک کی مدعیت میں درج کیا۔

مدعی مقدمہ نے مقتول کی بیوی پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جس پر پولیس کی جانب سے مقدمے میں مقتول کی بیوی نازیہ اور اس کے نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا۔ پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مقتول کی بیوی کو گرفتار کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول شمروز 2 بچوں کا باپ تھا اور ماضی میں سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرتا تھا تاہم ان دنوں مقتول شمروز پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا اور بے روزگار تھا جبکہ گزر بسر کے لیے مقتول کی بیوی کام کیا کرتی تھی۔

پولیس کے مطابق گھر کے اندر داخلے کے لیے زینہ گھر کے باہر گلی میں بنا ہوا ہے لیکن جس وقت کمرے میں فائرنگ کی گئی اس وقت وہ بند تھا۔

مقتول کی بیوی نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ تین ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور گولی کی آواز سن کر نیند سے اٹھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔