شاہین شاہ آفریدی بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم سے ڈراپ

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2024
(فوٹو؛ پی سی بی)

(فوٹو؛ پی سی بی)

 راولپنڈی: پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی ہے جس سے کھیل متاثر ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی بولنگ کو مؤثر بنانے کے لیے کچھ چیزوں پر کام کر رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ اس حوالے سے شاہین آفریدی کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وہ اس کے پیچھے کی سوچ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین کو کچھ فیڈ بیک دیا گیا ہے، وہ اپنی باؤلنگ کے ساتھ کچھ چیزوں پر کام کر رہے ہیں تاکہ وہ ممکنہ طور پر مؤثر ہو۔

مزید پڑھیں؛ بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ میں 2 اہم کھلاڑی شامل

جیسن گلسپی کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہم شاہین کی بہترین کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے اظہر محمود کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل، شاہین آفریدی کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے باعث وہ کراچی روانہ ہوئے تھے تاہم وہ ٹیم کو دوبارہ جوائن کر چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔