اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، 78000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال

بزنس رپورٹر  جمعرات 29 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: حکومت کی جانب سے نجکاری کا عمل تیز رفتار کرنے کی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 78000پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال ہوگئی۔ 

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی  کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرکے پازیٹو کیے جانے، معیشت بہتر ہونے کے اعتراف اور حکومت کی جانب سے نجکاری کا عمل تیز رفتار کرنے کی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 78000پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 51فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 42ارب 66کروڑ 35لاکھ 96ہزار 737روپے کا اضافہ ہوگیا۔ رول اوور ویک کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 356.88 پوائنٹس کے اضافے سے سے 78349.66 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 123.38 پوائنٹس کے اضافے سے 24885.64 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 235.65پوائنٹس کے اضافے سے 50470.41 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 770.98پوائنٹس کے اضافے سے 124741.44lپوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 6 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 59کروڑ 98لاکھ 20ہزار 775 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 449 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 227 کے بھاؤ میں اضافہ،  166 کے داموں میں کمی اور 56 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔