ڈیپ ڈیپریشن طوفان میں تبدیل، کراچی میں تندوتیز ہوائیں، تیز بارش متوقع

ویب ڈیسک  جمعـء 30 اگست 2024
فوٹو : محکمہ موسمیات

فوٹو : محکمہ موسمیات

  کراچی: شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈپریشن طوفان کی شکل اختیار کر گیا، سمندری طوفان اسنیٰ کراچی کے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے تیسرے الرٹ کے مطابق رن آف کچھ، انڈیا اور ملحقہ علاقوں پر موجود ڈیپ ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھا، ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان کے زیر اثر شہر میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا اور رات میں تیز اسپیل متوقع ہے۔

موجودہ نظام سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مزید مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔ سازگار ماحولیاتی حالات اور سمندر کی سطح کا درجہ حرارت 28-29 سینٹی گریڈ کی وجہ سے ڈیپ ڈپریشن طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

اس کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں موسلادھار/انتہائی موسلادھار بارشوں کے ساتھ وسیع بارش/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں 30 اگست سے یکم ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بہت زیادہ بارش کا بھی امکان ہے۔

سندھ کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی طوفان بننے کے بعد بلوچستان کے قریب سے گزرتا عمان کی جانب بڑھے گا، کراچی سمیت دیہی سندھ کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرجانی میں سب سے زیادہ بارش 127.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔