پولیس کا چھاپہ، احسن شاہ کی اہلیہ گھر سے زیورات اور نقدی لے کر فرار

ویب ڈیسک  جمعـء 30 اگست 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: امیر بالاج ٹیپو قتل کے مبینہ ملزم احسن شاہ کی اہلیہ گھر سے زیورات اور لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار ہوگئی، لڑکی کے والد بھی اہل خانہ سمیت غائب ہیں۔

امیر بالاج ٹیپو قتل کے مبینہ ملزم احسن شاہ کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سے قبل مبینہ آڈیو سامنے آنے کے معاملے میں احسن شاہ کی اہلیہ عریشہ شاہ کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپہ مارا تاہم وہ گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی۔

یہ پڑھیں : بالاج ٹیپو کیس؛ ملزم احسن شاہ کی پولیس افسر کے قتل کی سازش کی آڈیو سامنے آگئی

احسن شاہ کی والدہ نے اس حوالے سے تھانہ راوی روڈ میں عریشہ کے خلاف چوری کے مقدمے کی درخواست بھی دے دی۔ والدہ احسن نے الزام عائد کیا کہ عرشہ گھر سے زیورات اور پیسے چوری کرکے فرار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق عریشہ جنازے کے فوری بعد گھر سے غائب ہوگئی تھی، عریشہ کے والد کے گھر پر بھی تالے لگا ہوا ہے اور وہ پوری فیملی غائب ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل احسن شاہ کی ایک آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ سے بات کرتے ہوئے پولیس افسر کے قتل کا ارادہ ظاہر کررہا تھا، پولیس کے مطابق احسن نے جیل میں بیٹھ کر شوٹر بھی ہائر کرلیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔