گلستان جوہر میں نجی اسٹور کی افتتاحی تقریب بدنظمی اور لوٹ مار کا شکار

طحہ عبیدی  جمعـء 30 اگست 2024
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

  کراچی: شہر قائد کے ضلع شرقی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی اسٹور کی افتتاحی تقریب میں بدنظمی اور لوٹ مار ہوئی جس کے بعد پولیس نے اسٹور بند کرادیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں نجی اسٹور کی افتتاحی تقریب میں سیل کے اعلان کے بعد خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جیسے ہی اسٹور کو عوام کیلئے کھولا گیا تو لوگوں کا جم غفیر اسٹور کے اندر داخل ہوگیا۔

اشیا کے حصول کے چکر میں شہری آپس میں گتھم گتھا ہوئے اور اسی دوران کچھ شر پسند عناصر بھی ڈنڈے لے کر اسٹور میں داخل ہوگئے جنہوں لوٹ مار شروع کی اور اسٹور کے مرکزی دروازے بھی توڑ دیئے۔

اس دوران نجی اسٹور کی انتظامیہ غائب رہی جبکہ اسٹور میں موجود خواتین بھی محصور ہوکر رہ گئیں تھیں، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری کو موقع پر بھیجا گیا جبکہ ایس ایچ او شاہراہ فیصل بھی موقع پر پہنچے اور مشتعل نوجوانوں و ہجوم کو کنٹرول کیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ اسٹور نے افتتاحی تقریب کے حوالے سے پولیس کو آگاہ نہیں کیا تھا ، ٹریفک جام ، بدنظمی اور لوٹ مار کی شکایات پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور تمام افراد کو وہاں سے منتشر کردیا گیا ہے جبکہ اسٹور کو فی الحال بند کردیا گیا ہے جس کا افتتاح اب انتظامیہ سے مشاورت کے بعد بعد میں بھرپور انتظامات کے ساتھ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔