کاروباری تنازع پر تاجر کو قتل کرنے والے 2 سگے بھائیوں کو عمر قید

کورٹ رپورٹر  جمعـء 30 اگست 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کاروباری تنازع پر تاجر کو قتل کرنے والے دو سگے بھائیوں کو عمر قید کی سزا سنادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کاروباری تنازع پر تاجر کے قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد شاہد اور زاہد کو عمر قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ سنایا جس میں استغاثہ ملزمان کے خلاف بھرپور شواہد پیش کرنے میں کامیاب رہی۔

 

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد شاہد اور زاہد کو عمر قید کی سزا سنائی اور ملزمان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

استغاثہ کے مطابق دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں جنہیں رینجرز نے کورنگی سے گرفتار کیا تھا۔ ملزمان نے 24 سالہ بزنس پارٹنر زعیم کو قتل کرکے لاش کے 10 ٹکڑے کردیئے تھے۔ مقتول کی لاش کے ٹکڑے شرافی گوٹھ سے ملزمان کی نشاندہی پر برآمد ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔