وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ٹی کے نو شعبوں میں پچاس کروڑ روپے کی منظوری دے دی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 31 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے غربت میں کمی پروگرام کے تحت طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے آئی ٹی کے نو شعبوں میں سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کی خاطر پچاس کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام کے تحت سرٹفیکیٹ ہولڈرز کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت دی جائے گی، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے اجلاس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری آئی ٹی نور سموں اور چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر طارق رفیع سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

سیکریٹری آئی ٹی نور سموں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ کراچی اور تھرپار ڈویژن کے لیے  آئی ٹی کورسز این ای ڈی یونیورسٹی کرائے گی۔ مہران یونیورسٹی حیدرآباد ، میرپور خاص ڈویژن اور شہید بےنظیرآباد جبکہ آئی بی اے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے لیے کورسز کرائے گی۔

ابتدائی طور پر پروگرام دس ہزار نوجوانوں کی تربیت کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پروگرام کے لیے سندھ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو پچاس کروڑ روپے جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کورسز میں جاوا، پیتھون، ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹر، گرافک ڈیزائنر، ای کامرس ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیولپر، موبائل اپلی کیشن ڈیولپر اور ڈیٹا سائنس سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری آئی ٹی نور احمد سموں نے بتایا کہ کورسز کی مدت دو ماہ ہوگی، ہفتے میں پانچ روز یعنی پیر تا جمعہ کلاسز ہوں گی اور ہر ایک گروپ تین سے پینتیس شرکا پر مشتمل ہوگا۔

پروگرام دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے میں آئی ٹی سرٹیفکیشن جبکہ  دوسرے مرحلے میں زیادہ ہوشیار طلبہ کو مراعات دی جائیں گی، تمام شرکا کو سرٹیفیکیٹ سنٹرز پر روبرو دیے جائیں گے ۔

اجلاس کے اختتام پر آئی ٹی سیکریٹری سندھ ، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، آئی بی اے سکھر اور مہران یونیورسٹی جامشورو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔