'ہم آپ کو اسٹار بنادیں گے'، ببرک شاہ کو بھارت منتقل ہونے کی آفر

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اگست 2024
فوٹو : اسکرین گریب

فوٹو : اسکرین گریب

  کراچی: ماضی کے مقبول پاکستانی اداکار و گلوکار ببرک شاہ نے انکشاد کیا ہے کہ اُنہیں بالی ووڈ انڈسٹری سے ہمیشہ کے لیے بھارت منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن اُنہوں نے پیشکش مسترد کردی تھی۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ببرک شاہ نے کہا کہ پاکستانی فلم اسٹار معمر رانا کے بعد، میں بھی سال 2006 میں کام کے سلسلے میں بھارت گیا تھا۔

ببرک شاہ نے کہا کہ میرا کام دیکھنے کے بعد بالی ووڈ اداکاروں، ہدایتکاروں اور کیمرہ مین نے مجھے بھارت میں ہی رُکنے کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ آپ باصلاحیت اداکار ہیں، ہم آپ کو فلموں میں بطور ہیرو کاسٹ کریں گے اور آپ کو بالی ووڈ کا اسٹار بنا دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے کئی وجوہات کی بناء پر پیشکش مسترد کردی تھی، پہلی وجہ یہ تھی کہ میں بھارت جیسے گندے ملک میں نہیں رہ سکتا تھا، دوسری وجہ بھارت میں ہونے والے ہندو مسلمان فسادات تھے، تیسری وجہ مسلمانوں کے حلال کھانے تھے، چوتھی وجہ تھی کہ ہم بھارت میں کوئی پراپرٹی نہیں خرید سکتے اور نہ وہاں کی خاتون سے شادی کرسکتے ہیں اور پانچویں وجہ یہ تھی کہ بھارتی حکومت ہمیں پاسپورٹ ایشو نہیں کرتی۔

اداکار نے مزید کہا کہ اگر ہم گلوکار عدنان سمیع کی بات کریں تو اُنہیں بھارت میں جو کچھ بھی ملا وہ برطانوی پاسپورٹ پر ملا، بھارت پاکستانی پاسپورٹ پر کسی کو پاسپورٹ یا کوئی سہولت مہیا نہیں کرتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔