کراچی: بچوں کو ڈھال بناکر لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

منور خان  ہفتہ 31 اگست 2024
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

  کراچی: یوسف پلازہ پولیس نے واردات کے دوران معصوم بچے کو ڈھال بنا کر لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکوؤں نے کچھ روز قبل انڈوں کی دکان میں لوٹ مار کی تھی اور جاتے ہوئے نصف درجن سے زائد انڈوں سے بھری ہوئی کریٹ بھی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او یوسف پلازہ عظمیٰ خان نے بتایا کہ رواں ماہ 23 اگست کو فیڈرل بی ایریا بلاک 16 یوسف پلازہ مچھلی مارکیٹ میں انڈوں کی دکان میں لوٹ مار کی تھی اور جاتے ہوئے دکان میں رکھے ہوئے انڈوں سے بھری نصف درجن سے زائد کریٹ بھی موٹر سائیکل پر اپنے ہمراہ لیکر فرار ہوگئے تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی سی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کر کے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران واردات میں ملوث دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت اصغر اور فرید کے نام سے ہوئی ہے جو کہ پولیس سے بچنے کے لیے موٹر سائیکل پر آگے معصوم بچے کو ڈھال بنا کر وارداتیں کرتے تھے جبکہ ڈاکوؤں سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جو کہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے چوری کی گئی تھی اور اس کا مقدمہ بھی اسی تھانے میں درج ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ڈاکو سہراب گوٹھ کے رہائشی اور آپس میں رشتے دار ہیں جبکہ واردات کے دوران موٹر سائیکل پر ان کے ہمراہ معصوم بچے کے حوالے سے بتایا کہ وہ ان کا بھانجا ہے تاہم پولیس گرفتار ڈاکوؤں کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے اور ان سے مزید وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔