سندھ ہائیکورٹ کی حیدرآباد سے لاپتہ بچے کی بازیابی سے متعلق کیس پر سماعت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 31 اگست 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے حیدر آباد کے علاقے پھلیلی سے لاپتہ 8 سالہ بچے ظہیر علی کی بازیابی سے متعلق کیس پر سماعت کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالت عالیہ کے تحریری حکم نامے کے مطابق بچے کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہماری درخواست واپس لینے پر خارج کی جائے، عدالت نے درخواستگزار سے پوچھا کہ بچہ ابھی تک بازیاب ہوا یا نہیں، اس پر بچے کی والدہ نے کہا کہ درخواست واپس لینا چاہتی ہیں کیس کے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیس خارج نہیں کیا جا رہا۔

عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں ایس ایس پی حیدر آباد اور ایس ایچ او پھلیلی کو بچے کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کردی، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے تحریری حکم نامہ ایس ایس پی حیدر آباد کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

عدالت نے ایس ایس پی حیدر آباد سے 3 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی، واضح رہے کہ گزشتہ روز بچے کی والدہ نے کیس واپس لینے کی استدعا کی تھی۔

والدہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہر پیشی پر حیدرآباد سے پیش نہیں ہو سکتے، میرا شوہر مزدوری کرتا ہے جس کی وجہ سے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہورہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔