عراق میں محصور پاکستانی زائرین کا بغداد ایئرپورٹ پر احتجاج

اسٹاف رپورٹر  اتوار 1 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: عراق میں بغداد ایئر پورٹ پر گذشتہ 3روز سے پھنسے پاکستانی زائرین میں سے 600 پاکستان پہنچ چکے ہیں تاہم 900 بدستور عراق میں موجود ہیں جن میں ایک بڑی تعداد نے ہفتے کی شام بغداد کے ہوائی اڈے پر احتجاج کیا اور اس دوران عراقی ایئرویز کے عملے سے زائرین کی تکرار بھی ہوئی۔

زائرین کے مطابق متعدد زائرین کے پاسپورٹ ایئرلائن انتظامیہ نے غائب کردیے ہیں ذرائع کے مطابق مذکورہ صورت حال اس وجہ سے پیدا ہوئی کہ پاکستانی زائرین کے عراق پہنچنے کے بعد ایئرلائن انتظامیہ ان کے پاسپورٹ اپنے پاس رکھ لیتی ہے۔

زائرین کے پاسپورٹس اپنے پاس رکھنے کی بنیادی وجہ زائرین کی عراق میں سلپ ہونے کے پے درپے واقعات کی روک تھام ہےکیونکہ زائرین کے ویزا پر کچھ لوگوں کے عراق میں واپسی کی پرواز پر رپورٹ نہ کرنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

پاکستانی زائرین کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر پاکستانی زائرین کو72 گھنٹے قیام کے دوران کھانے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں انتہائی لاپرواہی برتی جارہی ہے۔

زائرین میں خواتین اور ضیعف العمر افراد بھی شامل ہیں زائرین نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے سے کوئی مدد نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔