معروف پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار 'شیرا' ٹریفک حادثے میں جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 1 ستمبر 2024
کامران عرف شیرا جہلم کے مشہور 'شاندار موبائل' کے مالک کے سیکیورٹی گارڈ تھے : فوٹو : ویب ڈیسک

کامران عرف شیرا جہلم کے مشہور 'شاندار موبائل' کے مالک کے سیکیورٹی گارڈ تھے : فوٹو : ویب ڈیسک

جہلم: پاکستان کے معروف ٹک ٹاک اسٹار سکیورٹی گارڈ کامران المعروف شیرا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز رکھنے والے کامران عرف شیرا جہلم کے مشہور ‘شاندار موبائل’ کے مالک کے سیکیورٹی گارڈ تھے جوکہ ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

‘شاندار موبائل’ کے مالک ارباز نعیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شیرا کے انتقال کی افسوسناک خبر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیرا کا تعلق سرائے عالمگیر سے تھا جبکہ اُن کے ساتھ کچھ دن قبل جہلم کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، اس حادثے کے بعد، شیرا کچھ دن تک کوما میں رہے اور گزشتہ شب دم توڑ گئے۔

شیرا کی شخصیت کی وجہ سے جہاں اُنہیں سوشل میڈیا پر شہرت ملی تو وہیں ‘شاندار موبائل’ کے مالک کو بھی شیرا کی بدولت اپنے کاروبار میں بہت فائدہ ہوا تھا۔

‘شاندار موبائل’ کے مالک شیرا کے ساتھ ویڈیوز بناکر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرتے تھے جو فوراََ ہی وائرل ہوجاتی تھیں، مداحوں کی جانب سے شیرا کی سادہ شخصیت کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔

شیرا نے ‘شاندار موبائل’ کے مالک کے پاس سے ملازمت چھوڑ دی تھی اور ٹریفک حادثے سے پہلے تک وہ ڈیرہ ریسٹورنٹ میں سیکیورٹی انچارج کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔

شیرا کی اچانک موت نے جہاں ‘شاندار موبائل’ کے مالک ارباز نعیم کو غم سے نڈھال کردیا ہے تو وہیں شیرا کے لاکھوں مداح بھی سوشل میڈیا پر گہرے دُکھ کا اظہار کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔