جنسی ہراسانی کے الزامات پر اداکار جے سوریا کا عدالت جانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 1 ستمبر 2024
فوٹو : انسٹاگرام

فوٹو : انسٹاگرام

 ممبئی: ملیالم اداکار جے سوریا نے اپنے خلاف لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جے سوریا جو اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ امریکہ میں ہیں اور انہوں نے کہا کہ ان الزامات نے انہیں، ان کی فیملی اور ان کے مداحوں کو شدید تکلیف پہنچائی ہے۔

جے سوریا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ وہ پچھلے ایک ماہ سے اپنی فیملی کے ساتھ امریکہ میں ہیں اور اسی دوران ان پر دو جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں، ان الزامات نے انہیں اور ان کے قریبی لوگوں کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم اس معاملے کو دیکھے گی، جھوٹے الزامات لگانا ان لوگوں کے لئے آسان ہوتا ہے جن میں ضمیر کی کمی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملیالم اداکارہ مینو منیر کے چار مشہور اداکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات

اداکار نے عدالتی نظام پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سچ کی جیت ہوگی جبکہ انہوں نے جھوٹے الزامات لگانے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ایسے اقدامات سے باز رہنے کی تلقین کی۔

یاد رہے کہ ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ مینو منیر نے الزام عائد کیا ہے کہ انڈسٹری کے معروف اداکاروں ایم مکیش اور جے سوریا نے ان کے ساتھ جنسی ہراسانی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔