بیٹنگ لائن پر پورا اعتماد ہے ہم جیت کی طرف جائیں گے، خرم شہزاد

صالح مغل  اتوار 1 ستمبر 2024
فوٹو: ویڈیو گریب

فوٹو: ویڈیو گریب

 راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ بیٹنگ لائن پر پورا اعتماد ہے انشاءاللہ جیت کی طرف جائیں گے۔

بنگلادیش کیخلاف تیسرے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ وکٹ مددگار تھی، کوشش تھی جب بنگلہ دیش کی پارٹنر شپ چلی تو اس کو تحمل سے بریک کریں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ مثبت رہنے کی کوشش کرتے ہیں اور بطور پروفیشنل ہر صورتحال کے لیے تیار رہتے ہیں، میرا خواب ہے پاکستان کے لیے طویل ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں اور ملک کا نام روشن کروں۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں کھیل کے تیسرے روز خرم شہزاد اور میر حمزہ نے جارحانہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹاپ 6 بیٹرز کو محض 26 رنز کے عوض پویلین بھیج دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔