جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والا سرکاری ملازم کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 1 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے جناح ٹرمینل پرکارروائی کے دوران جعلی دستاویزات پر سعودی عرب جانے والے سرکاری ملازم کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملے نے کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافر سے جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لیں۔

جعلی سفری دستاویزات برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتارکیاگیا،ملزم کی شناخت اختر علی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق مینگورہ سوات سے ہے اور ملزم خیبر پختونخواہ میں سرکاری ملازم ہے۔

ملزم فلائٹ نمبر QR605 کے ذریعے عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہا تھا مشکوک معلوم ہونے پر ملزم کے سامان کی تلاشی لی گئی تلاشی کے دوران ملزم کے سامان سے جعلی پاسپورٹ اور جعلی کینیڈین پی آر کارڈ برآمد ہوا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق حبیب نامی ایجنٹ نے مذکورہ جعلی دستاویزات تیار کر دی ہیں ملزم نے مذکورہ دستاویزات کی تیاری کے لیے ایجنٹ کو 60 ہزار روپے دیے، ملزم نے جعلی پاسپورٹ اور جعلی کینیڈین پی آر کارڈ پر سعودی عرب سے کینیڈا جانے کی کوشش کرنا تھی۔

مذکورہ جعلی پاسپورٹ اور پی آر کارڈ کی نقول ملزم کے بھائی کی تھیں جن پر ملزم کی تصویر ٹمپرڈ کر کے چسپاں کی گئی جبکہ مزید کارروائی کے لیے ملزم کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔