سمندری طوفان اسنیٰ سے متعلق آخری الرٹ، طوفان ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل

آفتاب خان  اتوار 1 ستمبر 2024
محکمہ موسممیات کے مطابق طوفان اسنیٰ مزید کمزور ہوجائے گا—فوٹو: فائل

محکمہ موسممیات کے مطابق طوفان اسنیٰ مزید کمزور ہوجائے گا—فوٹو: فائل

  کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے اور تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر انتہائی ناہموار رہنے کا امکان ہے اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے مغربی بحیرہ عرب میں سمندری طوفان اسنیٰ کے حوالے سے10 واں اور آخری الرٹ جاری کردیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید جنوب مغرب کی طرف بڑھا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان کمزور ہو کر واپس ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا ہے اور سمندری طوفان اب عمان کے مسیرہ کے شمال مشرق میں تقریباً 320 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمندری طوفان مسقط(عمان) سے 340 کلومیٹر اور گوادر سے 370 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور امکان ہے کہ یہ نظام جنوب مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا۔

طوفان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسنیٰ 2 ستمبر کی رات دیر گئے یاصبح تک مزید کمزور ہو جائے گا اور آج رات تک 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر ناہموار یا انتہائی ناہموار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آخری الرٹ میں بلوچستان کے ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔

قبل ازیں  گڈانی کے کھلے سمندر میں شکار کے لیے جانے والی مقامی ماہی گیر کی کشتی تیز لہروں کی زد میں آکر الٹ گئی، جس میں 5 ماہی گیر سوار تھے، جنہوں نے تیر کر جان بچائی جبکہ کشتی میں موجود جال اور مچھلی سمندر برد ہوگئے۔

کشتی مقامی ماہی گیر کی اور حادثہ سمندر میں طغیانی کی وجہ سے پیش آیا، اسی لیے بلوچستان کے ماہی گیروں کو آج بھی کھلے سمندر میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔