بنگلہ دیش؛ گوپال گنج میں مسافر بس کے خوفناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 1 ستمبر 2024
مسافر بس ڈھاکا جا رہی تھی—فوٹو: بشکریہ ڈھاکا ٹریبیون

مسافر بس ڈھاکا جا رہی تھی—فوٹو: بشکریہ ڈھاکا ٹریبیون

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے علاقے گوپال گنج میں بس اور ٹرک کے تصادم میں 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

بنگلہ دیشی ویب سائٹ ڈھاکا ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق بس اور ٹرک میں تصادم کا خوف ناک حادثہ گوپال گنج کے علاقے کاشیانی میں ڈھاکا-کھلنا ہائی وے میں اتوار کی صبح پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاں بحق 9 افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک کی شناخت نہ ہوسکی۔

بھنگا ہائی وے پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر عبداللہ ہل باقی نے کہا کہ عماد پریباہن بس پیروج پور سے ڈھاکا جا رہی تھی اور جب ماجھیگاٹی میں پہنچی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرک سے ٹکرانے کے بعد بس کھائی میں جا گری، جس کے بعد بھنگا ہائی وے پولیس اسٹیشن، فائرسروس اور مقامی افراد نے امدادی کارروائی شروع کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔