مغربی کنارے پر اسرائیلی پولیس کی گاڑی پر حملہ، 3 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 1 ستمبر 2024
اسرائیلی فورسز مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں—فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی فورسز مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں—فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ بیت القدس: فلسطین کے مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں اسرائیلی پولیس کی گاڑی پر حملے کے دوران 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کنارے کے شہر ہیبرون میں اسرائیلی پولیس کی گاڑی فائرنگ کی زد میں آگئی اور ان کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ ہیبرون کے علاقے عیدنا ترقومیہ جنکشن میں حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ایک گھر کو گھیرے میں لیا اور ایک فلسطینی کو فائرنگ کرنے کے شبہے میں شہید کردیا۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج گزشتہ ایک ہفتے سے کارروائیاں کر رہی ہے جو کئی مہینوں بعد سب سے بڑی کارروائیاں ہیں، جس کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ جنگجووں کا خاتمہ کرنا ہے۔

فلسطینی ہلال احمر نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں جینن سے باہر قصبے کیفر ڈین میں اسرائیلی فورسز نے دو فلسطینی بھائیوں کو شہید کردیا ہے جہاں اسرائیلی فورسز بدھ سے موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔