علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 1 ستمبر 2024
پیر2تااتوار 8 ستمبر 2024

پیر2تااتوار 8 ستمبر 2024

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
آپ کا سیارہ گھر، والدہ اور اپنی صحت کے مقام پر آچکا ہے۔ آپ پر گھر کی ذمے داریاں زیادہ ہوسکتی ہیں۔ کرائے کے مکان کے سلسلے میں الجھن ہوسکتی ہے۔ والدہ کی صحت کا خیال رکھیں۔ 4،5 اور6 ستمبر اہم ترین تاریخیں ہیں۔ گھر کا ماحول خراب ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کا رویہ آپ کو پریشان کرسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21 اپریل تا 20 مئی
اس ہفتے ویسے تو اکثر امور آپ کے حق میں ہیں لیکن پھر بھی بدھ اور جمعرات دو ایسے دن ہوسکتے ہیں جو آپ کی صحت اور کام میں بگاڑ لاسکتے ہیں۔ غیرمتوقع ایسی غلطی جو نقصان کا سبب بنے سرزد ہوسکتی ہے۔ آپ کے مزاج میں تیزی اور تندی عود کرسکتی ہے۔ دورانِ سفر جلدبازی سے قطعی گریز کریں۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کی سوچوں میں جو الجھاؤ چل رہا تھا وہ سلسلہ اب ختم ختم ہوتا نظر آتا ہے۔ کئی ایسے خیال جنہیں آپ حقیقت سمجھ رہے تھے، اس ہفتے پتا چلے گا کہ وہ تو محض تخیل تھے، وہم تھے۔۔۔ حقیقت نہ تھے۔ اس ہفتے حاملہ خواتین کو اپنی صحت کا پہلے سے زیادہ خیال رکھنا ہوگا۔ کوئی انعام ملتے ملتے ہاتھ سے پھسل سکتا ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
پیر اور منگل کو سوچوں میں تضاد اور الجھاؤ ہوسکتا ہے۔ سفر کروں یا نہ کروں جیسے دہرے خیال پریشان کرسکتے ہیں۔ بیرون ملک سفر کے حوالے سے جو کاغذی الجھنیں پیش آرہی تھیں۔ اب ان کا حل نکل سکتا ہے۔ گھر کی تزئین وآرائش کے باوجود گھر میں دل نہیں لگے گا۔ جانے کس چیز کی کمی ہے ابھی، جیسی کیفیت ہوسکتی ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا لہجہ کچھ تنقیدی ہوسکتا ہے اور اس میں گرمی کا عنصر زیادہ ہے۔ ایسا سننے والوں کو محسوس ہوگا۔ ممکن ہے کسی پرانے دوست کی کال آئے یا ملاقات کا کوئی راستہ نکل آئے۔ کوشش کریں کہ آپ کو خیالات کی ہوائیں ایسی دنیا میں نہ لے جائیں جو حقیقت سے بہت دور ہیں۔ اعلٰی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف اور بیرون ملک جانے والے افراد کو کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
شریکِ حیات کی صحت زیادہ بہتر نہیں لگتی یا اس کے رویے سے آپ کو شکایت ہوسکتی ہے۔ اس ہفتے مالی فائدہ ہوسکتا ہے وہیں کوئی نقصان یا فائدہ کم ہوسکتا ہے۔ امید ہے اس ہفتے آپ اداسی اور احساسِ زیاں کی زیادتی والی کیفیت سے نکل آئیں گے۔ 5 ستمبر کو محتاط رہیں اور مالی حوالے سے کسی پر اعتماد نہ کریں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
باس اور کچھ مخالف دردِسر بن سکتے ہیں۔ آپ کا کام آپ کے لیے خوش بختی کے راستے آسان کرے گا، لیکن یہاں ایک شخص جو کہ ہوسکتا ہے بظاہر آپ کا ساتھی ہو، بپھرا ہوا ہاتھی بن کے آپ کو روندنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ حسد بری بلا ہے۔ شریکِ حیات کہ وجہ سے آپ کے کیریئر میں کچھ مشکل ہوسکتی ہے ۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
گذشتہ ہفتے ایک عجیب سے سوچوں کی بے ہنگم آمد رہی ہوگی جس نے خاصا پریشان کیا اس ہفتے ایسی ہی کیفیت، جس میں جذبات بھی شامل ہوں، طاری ہوسکتی ہے۔ مریخ بیرون ملک سفر کے لیے آپ کو جذباتی بناسکتا ہے یا کسی بچے کی اعلٰی تعلیم کے لیے آپ جذباتی ہوکے اقدام کرتے محسوس ہوتے ہیں۔ 4 اور5 ستمبر کو جذبات اور عقل کو متوازن رکھیں اور تلخی سے بچیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
اس ہفتے مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ پرانی ڈوبی ہوئی رقم مل سکتی ہے۔ ایسے ہی وقت میں محبوب اور بچوں کی وجہ سے ذہنی اذیت سے گزرنا پڑسکتا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو صحت متاثر ہوسکتی ہے اور اس خرابی کا تعلق آپ کے جنسی مسائل بھی ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ جذبات میں کوئی قدم نہ اٹھائیں۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
دو طرح کے لوگ آپ کے لیے مشکل کا سبب بننے والے ہیں۔ ایک تو ماضی سے تعلق رکھنے والے اور کچھ مخالف، جن میں ایک حکومتی عہدے پر بھی ہوسکتا ہے۔ آپ پر قانونی قدغن لگانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔ ملازمت کا جھنڈا ڈگمگاسکتا ہے۔ نہایت دانش مندی سے حالات سے نمٹنا ہوگا۔ گھر سے بھی مخالفت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
کام اور ملازمت کو نہایت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پیش آئے گی کیوںکہ معاملات اس طرح نہیں چل رہے جس طرح چلنے کی ضرورت ہے۔ ایسے میں بیرون ملک سے منسلک کوئی معاملہ آپ کے سر درد کی وجہ بن سکتا ہے۔ ایسی مشکل صورت حال کے باوجود امکان ہے کہ آپ کا باہر کا سفر ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
صحت اور نقصان کی فکر میں سوچیں آپ کو پریشان کرسکتی ہیں۔ اولاد کی صحت پر خرچ ہوسکتا ہے اور نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کی صحت اور رویہ آپ کی فکرمندی کو بڑھاسکتا ہے۔ شریکِ حیات کے غیرضروری سوالات یا زیادہ بولنے کی وجہ سے آپ کو چپ سی لگ سکتی ہے۔ معاملات کو پُرسکون انداز میں حل کریں یہی واحد حل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔