روس کا یوکرین میں مغرب کے کردار پر جوہری ہتھیاروں کا بیانیہ تبدیل کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2024
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ بیانیہ کب مکمل ہوگا یہ ایک مشکل سوال ہے—فوٹو: رائٹرز

روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ بیانیہ کب مکمل ہوگا یہ ایک مشکل سوال ہے—فوٹو: رائٹرز

 ماسکو: روس نے یوکرین جنگ کے دوران مغربی ممالک کے جانب دارانہ کردار کے باعث اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا بیانیہ تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ یوکرین جنگ میں مغرب کے اشتعال انگیز کردار کے جواب میں ہم اپنے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا بیانیہ تبدیل کریں گے۔

سرگئی ریابکوف نے کہا کہ اس حوالے سے کام حتمی مراحل میں ہے اور یہ بات واضح ہے کہ درستی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا تعلق یوکرین تنازع میں ہمارے مغربی مخالفین کے اشتعال انگیز کردار سے جڑا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری سلامتی کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے، روسی صدر

نائب وزیرخارجہ نے واضح نہیں کیا کہ نیا جوہری بیانیہ کب تیار ہوگا تاہم کہا کہ اس کام کی تکمیل کا سوال مشکل ہے کیونکہ ہم اپنی قومی سلامتی یقینی بنانے کے بہت اہم پہلوؤں کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ روس کا موجودہ جوہری بیانیہ 2020 میں صدر ویلادیمیر پیوٹن کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اور اس میں بتایا گیا تھا کہ اگر کسی دشمن ملک کی جانب سے جوہری حملہ کیا گیا یا موجودہ خطرات کے مطابق کسی نے کنونشنل حملہ کیا تو روس اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔

صدر پیوٹن نے جون میں ایک بیان میں کہا تھا کہ جوہری بیانیہ تبدیل بھی ہوسکتا ہے، اس کا انحصار دنیا میں پیش آنے والے واقعات پر ہے۔

روس کا مغربی طاقتوں پر الزام ہے کہ وہ یوکرین کو ان کے خلاف ایک پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ روس کو اسٹریٹجک شکست دے کر اس کے ٹکڑے کردیے جائیں۔

مزید پڑھیں: مغرب آگ سے کھیل رہا ہے، روس نے تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے خبردار کردیا

دوسری جانب امریکا اور اس کے اتحادی ان الزامات کو مسترد کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ وہ یوکرین کی اس لیے مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ روس کی نوآبادیاتی طرز کی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرسکے۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مغرب بہت دور جا رہا ہے لیکن روس اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر داؤ آزمائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔