حبا بخاری کے ہاں بہت جلد پہلے بچے کی آمد متوقع ہے، نادیہ خان کا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2024
حبا بخاری نے سال 2022 میں ساتھی اداکار آریز احمد سے شادی کی تھی : فوٹو : ویب ڈیسک

حبا بخاری نے سال 2022 میں ساتھی اداکار آریز احمد سے شادی کی تھی : فوٹو : ویب ڈیسک

  کراچی:  پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے مقبول اداکارہ حبا بخاری کے حاملہ ہونے کا انکشاف کردیا۔

ان دنوں نادیہ خان نجی ٹی وی چینل کے شو ‘کیا ڈرامہ ہے’ میں بطورِ تجزیہ نگار اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، اداکارہ مختلف پاکستانی ڈراموں پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ڈرامے کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں۔

اس شو کی حالیہ قسط میں نادیہ خان نے حبا بخاری اور دانش تیمور کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ‘جان نثار’ کے بارے میں اپنا تجزیہ پیش کیا، اسی دوران اُنہوں نے ڈرامے کی ہیروئن حبا بخاری سے متعلق اہم انکشاف بھی کیا۔

نادیہ خان نے انکشاف کیا کہ حبا بخاری حاملہ ہیں، اُن کے اور اداکار آریز احمد کے ہاں بہت جلد پہلے بچے کی آمد متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: حبا بخاری کا ڈرامہ انڈسٹری پر راج، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

اُنہوں نے کہا کہ حبا بخاری نے ڈرامہ سیریل ‘جان نثار’ اور ‘رد’ کی شوٹنگ بھی دورانِ حمل کی اور اگر غور کریں تو ڈرامے کے کئی سین میں حبا بخاری کا بڑھتا وزن اور چہرے کی سوجن بھی واضح طور پر نظر آجائے گی۔

نادیہ خان نے پہلے بچے کے والدین بننے کی خوشخبری پر حبا بخاری اور اُن کے شوہر و اداکار آریز احمد کو مبارکباد بھی دی۔

دوسری جانب حبا بخاری اور اُن کے شوہر نے حمل کی خبر کو مداحوں اور سوشل میڈیا کی دُنیا سے چُھپا کر رکھا ہوا ہے، جوڑے کی جانب سے ابھی تک اس خبر کا اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ حبا بخاری نے سال 2022 میں ساتھی اداکار آریز احمد سے شادی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔