آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2024
جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے:فوٹو:فائل

جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے:فوٹو:فائل

 لاہور: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 4 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ ستمبر کی 2 اور 3 تاریخ کو راولپنڈی،  اٹک چکوال ، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات ،گوجرانوالہ ،خوشاب، سرگودھا میانوالی اور چنیوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور، قصور، نارووال، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ اور میانوالی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 3 اور 4 ستمبر کے دوران  جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، خان پور، ڈیرہ غازی خان ،ملتان ،لیہ ،راجن پور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ ،چناب ،راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر  ہے جبکہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتحال ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ فی الوقت پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔