کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2024
نئی ایکسپریس وے جام صادق پل کے قریب لیاری ایکسپریس وے سے ملے گی:فوٹو:فائل

نئی ایکسپریس وے جام صادق پل کے قریب لیاری ایکسپریس وے سے ملے گی:فوٹو:فائل

  کراچی: سندھ حکومت نے کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کا 45واں اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پورٹ ٹرمینل سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا ایکسپریس وے 12.5 کلومیٹر اوپر بنے گا باقی نیچے ہوگا۔ روڈ جام صادق پل کے پاس ملیر ایکسپریس وے سے ملے گا۔ مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو پی پی پی یونٹ کے ساتھ بیٹھ کر منصوبے کو آخری شکل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنے وسائل سے یہ سڑک بنائے گی۔ منصوبے کی پوری الاٹمنٹ بنا کر دی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ  این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ہو رہا ہے۔ سندھ حکومت پروجیکٹ کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کرچکی ہے۔ کویت کی انرٹیک کمپنی پروجیکٹ کرنا چاہتی ہے۔ انرٹیک کے ساتھ تمام کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔

وزیراعلی مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کی عمارت 20 منزلہ ہوگی۔ این ای ڈی ٹیک پارک میں انرٹیک، سندھ حکومت اور محکمہ سرمایہ کاری اور این ای ڈی کے شیئر ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  ماربل سٹی منصوبہ کومکمل کرنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماربل سٹی میں ماربل گرینائٹ کے علاوہ متعلقہ انڈسٹری بھی لگائی جائے گی۔ ماربل سٹی سے ایکسپورٹ بڑھے گی۔ ماربل سٹی 300 ایکٹر رقبے پر ناردرن بائی پاس کے قریب بنایا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔