سب جانتے ہیں ہماری کرکٹ اس وقت زوال کا شکار ہے، وقار یونس

اسپورٹس رپورٹر  پير 2 ستمبر 2024
وقار یونس کو چیمپینز ون ڈے کپ میں لائنز کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے:فوٹو:فائل

وقار یونس کو چیمپینز ون ڈے کپ میں لائنز کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے:فوٹو:فائل

 لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ سب کو معلوم ہے کہ اس وقت ہماری کرکٹ زوال کا شکار ہے۔

وقاریونس کو چیمپینز ون ڈے کپ میں  لائنز کا مینٹور مقررکر دیا گیا۔ وقار یونس نے بیان میں کہا کہ  ہماری کرکٹ کا حال سب کے سامنے ہے۔ بڑے لیول کی کرکٹ میں ہم پیچھے جارہے ہیں۔ چیمپینز ون ڈے کپ سے امید ہے بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے جہاں ڈومیسٹک کرکٹ میں اتنی نظر ڈالی جا رہی ہو۔ ابھی کسی کو کپتان بنانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ ماضی میں ہمارا فاسٹ باؤلرز کا بیک اپ بہت اچھا تھا۔ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے لیکن ان کو گائیڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھ پر اعتماد کیا۔ نیا رول میرے لیے چیلنج ہے جس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔ یہ ٹورنامنٹ مستقبل کے اسٹارز کی شناخت میں مددگار ثابت ہوگا۔ انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ چیمپینز ون ڈے کپ 12 سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔