کراچی: دماغ خور جرثومہ نگلیریا ایک اور جان لے گیا

دعا عباس  پير 2 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: دماغ خور جرثومہ ایک اور جان نگل گیا، محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں نگلیریا سے ہونے والی چوتھی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع شرقی کے نجی اسپتال میں 19 سالہ لڑکا 12 روز کی شدید علالت کے بعد انتقال کرگیا، جس کے بعد رواں سال سندھ میں نگلیریا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جن میں سے چار کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے۔

19 سالہ متاثرہ فرد گزشتہ 12 دنوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھا جوکہ شدید علالت کے بعد انتقال کر گیا۔

نگلیریا جرثومہ ناک کی نالی کے ذریعے دماغ میں داخل ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ دماغ کو متاثر کرتا ہے۔ یہ ایک لاعلاج مرض ہے جو مخصوص درجہ حرارت اور پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار نہ ہونے کی صورت میں بڑھتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق نگلیریا فاؤلیری کی علامات میں سر درد، بخار، متلی، الٹی، گردن میں اکڑن، تبدیل شدہ ذہنی کیفیت اور دورے پڑنا شامل ہیں۔ نگلیریا فاؤلیری دماغ کھانے والا امیبا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔