تین سال میں سائبرکرائم سے متعلق پونے چار لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں وزارت داخلہ

وزارت داخلہ نے سائبر کرائم کے واقعات کی تعداد میں اضافے سے متعلق گزشتہ تین سالوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں


ویب ڈیسک September 02, 2024
فوٹو: فائل

وزارت داخلہ کے مطابق گذشتہ تین سال کے دوران ملک بھر سے سائبر کرائم سے متعلق پونے چار لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

وزارت داخلہ نے سائبر کرائم واقعات کی تعداد میں اضافے سے متعلق گزشتہ تین سالوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں، جن کے مطابق گزشتہ تین سال کےدوران سائبر کرائم سے متعلق 3لاکھ 86ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ چھان بین کےدوران 2لاکھ 46 ہزار شکایات کی تصدیق ہوئی اور سائبر کرائم واقعات پر 48 ہزارشکایات پر انکوائریاں کی گئیں، جبکہ دوران انکوائری چار ہزار سے زاہد ملزمان کیخلاف مقدمات درج کیے گئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ تین سال کےدوران سائبر کرائم پر 178افراد کو سزائیں دی گئیں جبکہ 367کو بری کردیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2021 میں ایک لاکھ 15 ہزار 868 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 80 ہزار 803شکایات کی تصدیق ہوئی، 15 ہزار 766 انکوائریاں کی گئیں، 1223 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 38 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔

سال 2022 میں ایک لاکھ 36 ہزار 24 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 83 ہزار 552 کی تصدیق ہوئی، 14 ہزار 380 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں، 1469 انہتر ایف آئی آرز ہوئیں اور 48 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق سال 2023 میں ایک لاکھ 34 ہزار 710 شکایات موصول ہوئیں، 82 ہزار 396 کیسز کی تصدیق ہوئی، 18 ہزار 12 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں، 1375 کیسز کی ایف آئی آرز اور 92 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں