اسرائیل کا اپنے یرغمالیوں کی ہلاکت پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2024
سلامتی کونسل غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر حماس کی مذمت کرنے کے لیے فوری اجلاس بلائے، اسرائیلی سفیر

سلامتی کونسل غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر حماس کی مذمت کرنے کے لیے فوری اجلاس بلائے، اسرائیلی سفیر

جنیوا: غزہ کی ایک سرنگ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے پر اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سلامتی کونسل سے کہا کہ غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر حماس کی مذمت کرنے کے لیے فوری اجلاس بلایا جائے۔

اسرائیلی سفیر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ابھی تک حماس کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے اب تک کوئی فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : ہم اسرائیلی یرغمالیوں کا خیال جوبائیڈن سے زیادہ بہتر رکھتے ہیں، حماس

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے اس تشویش کا بھی اظہار کیا کہ 6 یرغمالیوں کی لاشیں ملنے پر حماس کی قید میں یرغمال بقیہ اسرائیلیوں کی بحفاظت واپسی کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔

اسرائیلی سفیر نے کہا کہ یرغمالیوں میں امریکی نژاد شہری بھی ہیں۔ یرغمالیوں کے اہل خانہ عالمی ادارے کی طرف انصاف طلب نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ کی ایک سرنگ سے امریکی سمیت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد 

یاد رہے کہ اسرائیل اور امریکا سمیت مغربی ممالک نے اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کونسل میں غزہ پر بمباری کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہر قرارداد کو ویٹو کیا ہے۔

ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں پُراسرار حالت میں ایک سرنگ سے ملی تھیں جنھیں حماس نے قتل کیا جب کہ حماس کا کہنا تھا کہ یرغمالی اپنی فوج کی بمباری میں مارے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔