شناختی کارڈ کی تجدید نہ کرانے والے شہریوں کی موبائل سمز کی بندش شروع

ارشاد انصاری  پير 2 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: پاکستان ٹیلی  کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل سمز کا غیر قانونی استعمال روکنے کے لیے سموں کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا۔

اس حوالے سے پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں جن لوگوں کے شناختی کارڈ کی مدت 2017 سے پہلے مکمل ہوچکی اور انہوں نے اس کی تجدید نہیں کروائی ان کی سمزکی بندش شروع کردی گئی ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور  پھرکینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئی ہیں، 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بند کی گئی ہیں جب کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہیں جبکہ غیرقانونی سمز دہشتگردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں شہری سمز کی بندش سے بچنے کےلیے شناختی کارڈ کی تجدید کروائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔