پی این ایس سی کی درجہ بندی کی منظوری

ارشاد انصاری  پير 2 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: کابینہ کی کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے نے ٹریڈنگ کا رپوریشن آف پاکستان، سمیڈا اور پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن کی بطور ضروری/لازمی ادارے درجہ بندی کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ کی کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اور نگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں اہم ریاستی ملکیتی کا روباری اداروں کے انتظام اور اسٹریٹجک سمت سے متعلق مختلف اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، چیئرمین ٹی سی پی، چیئرمین پی کیواے، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی میں ٹریڈنگ کا رپوریشن آف پاکستان کو دوبارہ متحرک کرنے کے منصوبے کے حوالے سے وزارت تجارت کی سمری پر تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں بتایاگیاکہ مخصوص نوعیت کے پیش نظر ٹی سی پی کو ایس او ایز پالیسی 2023 کے تحت ضروری و لازمی ادارہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ادارے کا تفصیلی مالیاتی منصوبہ تیار کیا جائے گا جس میں واجبات سے متعلق امور کوشامل کیا جائیگا۔اجلاس میں ایکسپورٹ-امپورٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ میں دو آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کے حوالے سے فنانس ڈویژن کی سمری پر غور کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 2022 کے سیکشن 17 کے مطابق ایگزم بینک کے بورڈ میں عائشہ عزیز اور عمران مقبول کی بطور آزاد ڈائریکٹرز تقرریوں کی توثیق کی۔اجلاس میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کا روبارکی ترقی کیلئے قائم ادارہ سمیڈا کی درجہ بندی کے حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی نے ایس ایم ایز کی سہولت کے لیے سمیڈا کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ایس او ایز پالیسی کے پیرا 11 کی روشنی میں ضروری ادارہ قرار دیا جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کے حوالے سے وزارت بحری امور کی سمری پر بھی غور کیا اور کا بینہ کو مجوزہ آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی سفارش کی۔

کمیٹی نے وزارت بحری امور کی پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن کو ایس او ایزکی ملکیت اور انتظامی پالیسی 2023 کے باب 3 کے پیرا 9(a) کے تحت ایک سٹریٹجک ادارہ قرار دینے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کا رپوریشن میں پرائیویٹ شیئر ہولڈنگ میں اضافے کے آپشن کو بھی تلاش کیا جائیگا۔ اجلاس میں وزارت بحری امور کی سمری کی بنیاد پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی 2024-2026 کی مدت کے لیے تشکیل نو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت کی تجویز کی منظوری دی اور کا بینہ کو منظوری کے لیے سفارش کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔