قومی اسمبلی میں بھنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت 4 بل منظور
نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 بھی کثرت رائے سے منظور، اپوزیشن کی مخالفت
قومی اسمبلی اجلاس میں بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی، نجکاری کمیشن ترمیمی بل سمیت چار قوانین کثرت رائے سے منظور کر لئے گئے۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھنگ کی کاشت اور صنعتوں کو فروخت سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کیلئے بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
دوران اجلاس وفاقی وزیر نجکا ری عبدالعلیم خان نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 منظوری کیلئے پیش کیا جس کی اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کے باجود کثرت رائے سے منظوری دی گئی۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹربیونل کے قیام سے متعلق ترمیمی بل 2024 منظوری کیلئے پیش کیا جس کی قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظوری دے دی۔
دوران اجلاس قومی اسمبلی نے تحشیہ بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستانی نیوی ترمیمی بل 2024 قومی ااسمبلی میں پیش کیا جسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔