کراچی، پولیس مقابلے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2024
ملزمان سے لوٹ مار کے دوران چھینے گئے موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی

ملزمان سے لوٹ مار کے دوران چھینے گئے موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی

کراچی کے علاقے میمن گوٹھ تھانے کے علاقے لنک روڈ کیڈٹ کالج کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگئے۔

ایس ایچ او میمن گوٹھ طاہر قادری کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ایک ڈکیت کی شناخت پرویز کے نام سے کی گئی ہے جبکہ دوسرے ڈکیت کی تاحال شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

منگل کی صبح سبزی سے بھری سوزوکی جس میں ڈرائیور اور ٹھٹھہ کے رہائشی 2 سبزی فروش سوار تھے وہ سبزی منڈی سے ٹھٹھہ جا رہے تھے کہ لنک روڈ پر موٹرسائیکل سوار ڈکیتوں نے اسلحہ کے زور پرسوزوکی کو روکا اور ایک ڈکیت سوزوکی میں سوار ہوگیا جبکہ ایک ڈکیت سوزکی کے آگے موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔

ڈکیتوں نے سوزکی کو لنک روڈ سے نیچے اتار کر لوٹ مار شروع کردی۔ اسی دوران گشت پر تعینات پولیس اہلکاروں نے سوزکی کو لنک روڈ سے نیچھے اترتے ہوئے دیکھا اور اس کے قریب پہنچے تو ڈکیتوں نے پولیس کو دیکھ کر پرفائرنگ کردی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دونوں ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈکیتوں کے قبضے سے اسلحہ، سبزی فروشوں سے لوٹے گئے موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ڈکیتوں کی لاشیں قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈکیتوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ کو فرانزک کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے اور مزید کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔