اسرائیل کا لبنان میں اقوام متحدہ سے منسلک گاڑی پر فضائی حملہ؛ 2 ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2024
اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی، فوٹو: فائل

اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی، فوٹو: فائل

تل ابیب: اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے میں ایک کار کو فضائی حملے میں تباہ کردیا جب کہ حزب اللہ کی ایک عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس کار کو نشانہ بنایا گیا وہ اقوام متحدہ سے منسلک ادارے 1 UNIFIL کی ہے جو لبنان میں صفائی ستھرائی کے نظام سے وابستہ ہے۔

گاڑی میں 2 افراد موجود تھے اور دونوں ہی حملے میں ہلاک ہوگئے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

اسرائیلی فوج نے رات گئے جنوبی لبنان کے قصبوں یارون، عیطا الشب، حنین، طائر حرفا اور بلیدہ میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جب کہ حزب اللہ نے بھی اسرائیلی تنصیبات پر 5 راکٹ داغے۔

حزب اللہ کے یہ راکٹس اسرائیلی سرزمین پر گرے جس سے یہودی بستیوں میں سائرن بج اُٹھے اور افراتفری مچ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر سے حزب اللہ روزانہ سرحد پر اسرائیلی فوج کی چوکیوں اور یہودی آبادیوں پر حملے کر رہی ہیں اب تک 8 ہزار سے زائد راکٹس فائر کیے جا چکے ہیں۔

ان حملوں میں اب تک اسرائیل کے 46 افراد مارے گئے جب کہ لبنان میں 432 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 76  حزب اللہ کے جنگجو، ایک لبنانی فوجی اور 132 عام شہری بھی شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔