اے این پی کا خیبرپختونخوا میں کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2024
اے این پی کے صوبائی ترجمان نے حکومت کی مبینہ کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا—فوٹو: فائل

اے این پی کے صوبائی ترجمان نے حکومت کی مبینہ کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا—فوٹو: فائل

 پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس حوالے سے وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

اے این پی خیبر پختونخوا کے ترجمان ارسلان خان ناظم نے کہا کہ کمپرومائزڈ پختونخوا کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور صوبائی حکومت کرپشن کی روک تھام کے بجائے خود اس میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا اور ان کے بھائی صوبے میں جاری منظم کرپشن کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

صوبائی ترجمان اے این پی نے حکومت کی مبینہ کرپشن کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چوری کے مال پر لڑائياں ہو رہی ہیں اور حکومتی اراکین ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹریز اور  ڈی سی اور  اے سی کی تقرریوں تک کے ریٹ فکس کیے گئے ہیں، اساتذہ کے تبادلوں سے لے کر تمام اہم سرکاری عہدوں، لیزز اور ٹھیکوں کے لیے پیسے لیے جارہے ہیں۔

ارسلان خان ناظم نے کہا کہ محکمہ صحت میں دوائیوں اور میڈیکل گلوز کی خریداری تک میں کرپشن کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں جاری بیڈ گورننس سے سرکاری ادارے کمزور تر ہوتے جا رہے ہیں، عوام کا اعتماد ختم ہو رہا ہے، صوبائی حکومت سرکاری اداروں کو سیاسی دباؤ کے تحت چلا رہی ہے جو کسی طور مناسب نہیں ہے، سیاسی  دخل اندازی کی وجہ سے تمام  ادارے اپنی کارکردگی میں ناکام ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو  پی ٹی آئی حکومت نے پس پشت ڈال دیا ہے، عوام کی مشکلات میں کمی کرنے کی بجائے حکمران جماعت کے اراکین جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی جلد ہی موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرے گی، حکومت کی جانب سے کیے جانے والی تمام بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

ترجمان اے این پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل لوٹنے اور عوام کے حق کو ہڑپ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، عوام کا بھی فرض ہے کہ  اس کرپٹ اور نااہل حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں، اے این پی عوام کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑتی رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔