پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کا لیگی سینیٹر عرفان صدیقی کو خراج تحسین

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے ایوان کو عمدگی اور متوازی انداز سے چلانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایک روز قبل سینیٹ کے اجلاس میں اس وقت انتہائی خوشگوار سیاسی ماحول دکھائی دیا جب پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور سینٹ میں قائد اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے مخاطب ہوتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جناب چیئرمین جمعہ کو آپ کی عدم موجودگی میں نہایت اہم امور پر ایوان میں بحث ہوئی، میں سینیٹر عرفان صدیقی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نہایت عمدہ طریقے سے ہاؤس چلایا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ’عرفان صدیقی نے بہت ہی بہتر اور متوازی انداز کے ساتھ ایوان کی کارروائی کو چلایا اور نہایت صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا۔ ہم اس کے لیے ان کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز کے خراج تحسین پیش کرنے پر اپوزیشن میں بیٹھے اراکین نے تائید کی اور زور زور سے ڈیسک بجا کر عرفان صدیقی کو خراج تحسین پیش کیا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ریمارکس پر سینیٹر شبلی فراز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپوزیشن نے بھی ہاؤس کو عمدگی سے چلانے کے لیے مجھ سے بھرپور تعاون کیا، جس کے لیے میں قائد حزب اختلاف اور باقی ارکان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤس کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان دونوں کا کردار تھا اور میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔