کراچی میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: محکمہ موسمیات نے بدھ کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری مون سون الرٹ کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ مشرقی سندھ پر اثر انداز ہورہا ہے جس کے زیر اثر کراچی میں بدھ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہرکے مضافات میں درمیانی جبکہ دیگرعلاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیرکے مطابق چند روزکے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 33 تا 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے، منگل کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.4 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو، دادو، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، خیرپور، شہید بے نظیرآباد، گھوٹکی، سکھر، کشمور، جیکب آباد، شکار پور، لاڑکانہ، قمبرشہداد کوٹ، نوشہروفیروز میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔