محکمے کی ممکنہ بندش کیخلاف پی ڈبلیو ڈی کے مظاہرین کا احتجاج، درجنوں گرفتار

نعیم اصغر  منگل 3 ستمبر 2024
فوٹو ایکسپریس نیوز

فوٹو ایکسپریس نیوز

  اسلام آباد: پاک ڈبلیو ڈی کے احتجاج کرنیوالے ملازمین کو پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کرکے منتشر اور درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر کے تھانے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک ڈبلیو ڈی کے مظاہرین نے اپنے محکمے کی ممکنہ بندش کے خلاف دفتر سے نکل کر احتجاج کیا اور سری نگر ہائی وے کو بلاک کر کے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

مظاہرین کے سری نگر ہائی وے پہنچنے پر وفاقی پولیس کی بھاری نفری پہنچی اور مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پہلے مذاکرات کیے تاہم کامیابی نہ ملنے پر پولیس نے ایکشن لیا اور پھر لاٹھی چارج اور شیلنگ کر کے انہیں منتشر کیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے موقع سے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر کے قیدی وینز میں ڈال کر مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے سری نگر ہائی وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جس کے بعد ملازمین وہاں سے اپنے ادارے کی عمارت میں جمع ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق مظاہرین نے پی ڈبلیو ڈی عمارت کے اندرسے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے پولیس افسران اور ملازمین بھی زخمی ہوئے، مظاہرین نے پولیس سے اپنے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تو پولیس کا کہنا تھا گرفتار افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔