پی ٹی آئی اور ن لیگی وفود کی اختر مینگل سے ملاقاتیں، استعفیٰ واپس لینے کی درخواست

ویب ڈیسک  بدھ 4 ستمبر 2024
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے وفود نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کرکے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

پی ٹی آئی وفد بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں اختر مینگل سے ملنے پارلیمنٹ لاجز پہنچا۔ وفد میں اسد قیصر، رؤف حسن اور دیگر رہنما شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے اختر مینگل کو استعفیٰ واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ استعفیٰ دینا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے اور استعفیٰ دیے بغیر پارلیمنٹ میں آگے بڑھیں۔

پارلیمنٹ لاجز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اختر مینگل سے ملاقات کی ہے جس میں اختر مینگل نے استعفے پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی ہے، پانچ بجے ہمارے اتحاد کا اجلاس ہے۔

دوسری جانب، ن لیگ کا وفد بھی اختر مینگل سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچا۔ وفد میں رانا ثنااللہ، طارق فضل چوہدری، عثمان بادینی، اعجاز جاکھرانی اور خالد مگسی شامل ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو بھی ان کی ناراضگی ہے کوشش کریں گے کہ اسے دور کریں اور ان کو ساتھ لے کر چلیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے سردار اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سردار اختر مینگل نے پارلیمان میں بلوچستان کے مسئلے پر بحث نہ ہونے کا شکوہ کیا اور کہا کہ مجھے اسمبلی کے فلور پر بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا، بلوچستان کے حالات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں اور کسی کو پروا نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔