اسپیکر قومی اسمبلی نے اختر مینگل کے استعفے پر کارروائی روک دی

ویب ڈیسک  بدھ 4 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے استعفے پر کارروائی روک دی ہے۔

ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق حکومت نے اسپیکر سے سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی تھی جس پر کارروائی روکی گئی۔

سیکریٹری اسمبلی نے آج اختر مینگل کا استعفیٰ اسپیکر کو پٹ اَپ کیا تھا۔

دوسری جانب، اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ہنگامی اجلاس شام پانچ بجے طلب کر لیا ہے جس کی سربراہی الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی کریں گے۔

ذرائع اپوزیشن کے مطابق اپوزیشن الائنس میٹنگ میں سردار اختر مینگل نے شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد سردار اختر مینگل کے استعفے اور سیاسی جدوجہد پر مشاورت کرے گا جبکہ جلسے اور احتجاجی تحریک کے سلسلے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ اپوزیشن الائنس اجلاس میں شرکت کے لیے اتحادی جماعتوں کو آگاہ کر دیا گیا۔

قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے وفود نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کرکے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست بھی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔