بھارتی اداکار نے مقتول کے جسم کے نازک حصوں پر بدترین تشدد کیا، چارج شیٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2024
پولیس نے قتل کیس میں اداکار کیخلاف چارج شیٹ جاری کردی : فوٹو : فائل

پولیس نے قتل کیس میں اداکار کیخلاف چارج شیٹ جاری کردی : فوٹو : فائل

بنگلورو: 33 سالہ رینوکا سوامی کا قتل کرنے والے بھارت کی کنڈا فلموں کے اداکار درشن تھگو دیپا کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار درشن تھگو دیپا نے چند ماہ قبل 33 سالہ رینوکاسوامی کا بےدردی سے قتل کیا تھا جس کے بعد اداکار کو جون میں کرناٹک پولیس نے گرفتار کرلیا تھا اور اب پولیس نے اس قتل کیس میں اداکار کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے۔

کرناٹک پولیس کی جانب سے جاری کی گئی چارج شیٹ میں رینوکا سوامی کے قتل سے قبل وحشیانہ اور انسانیت سوز تشدد کی تفصیل دی گئی ہے۔

چارج شیٹ کے مطابق اداکار درشن نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر رینوکاسوامی کے سینے پر اس قدر بدترین تشدد کیا کہ موت سے قبل اُن کے سینے کی تمام ہڈیاں اور پسلیاں ٹوٹ چکی تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار کا 3 افراد کو قتل کی ذمہ داری لینے پر15 لاکھ دینے کا انکشاف

پولیس نے چارج شیٹ میں بتایا کہ رینوکاسوامی کے پورے جسم پر زخموں کے کُل 39 نشانات تھے جبکہ اُن کے سر پر گہرا زخم بھی تھا۔

درشن اور اُس کے ساتھیوں نے برقی آلے کا استعمال کرتے ہوئے رینوکاسوامی کے جسم کے نازک حصوں پر کرنٹ کے جھٹکے بھی لگائے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ قتل کرنے سے پہلے، رینوکا سوامی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، اُنہیں رسیوں سے باندھ کر لکڑی کے ڈنڈوں اور بیلٹ سے مارا پیٹا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار درشن نے رینوکا سوامی کے قتل کی ذمہ داری لینے پر تین افراد کو 15 لاکھ روپے کی پیشکش کی تھی لیکن تحقیقات کے دوران پولیس کو درشن کے پاس سے کپڑے ملے تھے جن پر رینوکاسوامی کے خون کے نشانات تھے جس کے بعد مزید تحقیقات میں اداکار پر جُرم ثابت ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار بیوی سمیت قتل کےالزام میں گرفتار

اداکار درشن کو کیس میں دوسرے ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کی قانونی ٹیم ضمانت کی درخواست جمع کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاہم، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درشن کی درخواستِ ضمانت منظور ہونا بہت مشکل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔