ٹیکس دہندگان کی فہرست میں بھی شاہ رخ خان کی بادشاہت برقرار

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2024
فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد تامل اداکار وجے کا نام موجود ہے : فوٹو : فائل

فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد تامل اداکار وجے کا نام موجود ہے : فوٹو : فائل

 ممبئی: فارچون انڈیا نے مالی سال 2023-24 کے لیے مشہور ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کردی ہے جس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سرِفہرست ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فارچون انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد تامل اداکار وجے کا نام موجود ہے جبکہ دبنگ اسٹار سلمان خان تیسرے نمبر پر ہیں۔

فہرست کے مطابق شاہ رخ خان نے سال 2023-24 میں 92 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا، تامل فلموں کے اسٹار وجے نے 80 کروڑ روپے جبکہ سلمان خان نے 75 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے 71 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا، اجے دیوگن نے 42 کروڑ جبکہ رنبیر کپور نے 36 کروڑ کا انکم ٹیکس ادا کیا۔

فارچون انڈیا کی فہرست کے مطابق ہریتھک روشن نے 28 کروڑ، کپل شرما نے 26 کروڑ، کرینہ کپور نے 20 کروڑ، شاہد کپور نے 14 کروڑ، کیارا ایڈوانی نے 12 کروڑ، کترینہ کیف، پنکج ترپاٹھی اور عامر خان نے 11،11 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔

اس فہرست کے مطابق ملیالم فلموں کے اداکار موہن لال نے 14 کروڑ اور اللو ارجن نے 14 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔