فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ، وزیراعظم کا اظہار اطمینان

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 5 ستمبر 2024
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

  اسلام آباد: پاک فوج کی جانب سے وزیر اعظم کو حال ہی میں ختم ہونے والی وارگیم اور خطرے کے پورے میدان میں فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات، آرمی چیف اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کو حال ہی میں ختم ہونے والی وارگیم اور خطرے کے پورے میدان میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ خطے میں تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے اور ایٹمی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں پاکستانی مسلح افواج کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ جوہری طاقت جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ضروری ہے۔

عسکری قیادت نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ہر قیمت پر تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ پاک فوج موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح باخبر ہے، پاک فوج پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔