تحریک انصاف کو اسلام آباد میں 8 ستمبر کے جلسے کا اجازت نامہ جاری

اسامہ اقبال  جمعرات 5 ستمبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 8 ستمبر کے جلسے کی اجازت دیتے ہوئے 42 شرائط پر مشتمل این او سی جاری کردیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عامر مغل کے نام پر جاری کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے ہی انتظامیہ کو جلسے کی اجازت کے حوالے سے درخواست دی تھی۔

اتنظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو 42 شرائط کے ساتھ اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

این او سی کے مطابق تحریک انصاف کو جلسہ پسوال روڈ، سنگجانی کے مقام پر کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ کارکنان بھی انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ مخصوص روٹس کو استعمال کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے اسلام آباد جلسے کی تیاریوں کا آغاز کردیا

نوٹی فکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے براستہ ایم ون موٹر وے اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے اسلام آباد میں داخل ہوں گے اور پھر انہیں پسوال روڈ سے آگے گاڑیاں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ قافلے جی ٹی روڈ سے آنے والا قافلہ برہان انٹرچینج سے موٹروے ایم ون پر آئے گا اور اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے اتر کر پسوال روڈ سے ہوتا ہوا جلسہ گاہ تک پہنچے گا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے آنے والا قافلہ جی ٹی روڈ سے روات اور پھر وہاں سے چک بیلی روڈ سے ہوتا ہوا چکری انٹرچینج اور ایم ٹو سے ہوتا ہوا پسوال روڈ تک پہنچے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے جلسہ گاہ کی طرف جانے والے باقی تمام راستے بند ہوں گے جبکہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو صرف مارگلہ ایونیو سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ جانے کی اجازت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔