کراچی: پولیس مقابلے میں 2 انتہائی مطلوب ہائی پروفائل ڈکیت ہلاک

ساجد رؤف  جمعرات 5 ستمبر 2024
 (فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: پیرآباد کے علاقے بنارس کالونی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 انتہائی مطلوب ہائی پروفائل ڈکیت مارے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیرآباد تھانے کے علاقے بنارس کالونی رحمان اسپتال کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 2 ڈکیت ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے ڈکیتوں کی لاشیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں۔

ایس ایچ او پیر آباد امام بخش لاشاری نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ڈکیت پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں، ہلاک ڈکیتوں کی شناخت سرفراز عرف کاکی ولد امیر حسین اور عادل ولد اکبرعلی کے نام سے ہوئی۔

ہلاک ڈکیتوں کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ، چلیدہ خول، چھینے گئے موبائل فونز اور زیر استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ڈکیتوں کا سابقہ کرمنل ریکارڈ موجود ہے، ہلاک دونوں ملزمان فرنٹئیرکالونی کے ہی رہائشی تھے، ایک ہلاک ملزم پر آٹھ اوردوسرے پر 10 مقدمات درج تھے۔

دریں اثنا شہرکے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کے قصبہ ایم پی آرکالونی جمشید سی این جی پمپ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 40 سالہ بلال ولد محمد علی زخمی ہوا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سرجانی ٹاؤں رازی گوٹھ میں فائرنگ سے 21 سالہ نوجوان صفیان ولد عمر زخمی ہو گیا جسے فوری طورپر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔