حکومت سندھ کی جانب سے ویگو گاڑیاں خریدنے کا معاملہ اسمبلی پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے 138 ویگو گاڑیاں خریدنے کا معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا، پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سربلند خان نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ 

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی سربلند خان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ  نے سندھ کے 138 اسسٹنٹ کمشنروں کے لیے نئی ڈبل کیبن ویگو گاڑیاں خریدنے کے لیے 2 ارب روپے تک خطیر رقم کی منظوری دی ہے، موجودہ وقت میں حکومت کو شاہی اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ  حکومت سندھ شاہانہ اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ سندھ میں  جہاں کے لوگ تعلیم، صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، وہاں اس طرح کے فیصلے عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہاس وقت سندھ میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیکڑوں خاندان سڑکوں پر ہیں، صوبے میں  بارشوں سے فصلیں ڈوب چکی ہیں اور کسان بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، ایسے حالات میں برسات متاثرین سمیت عوام کے بھلائی کے پروجیکٹ پر رقم مختص کرنے کے بجائے ڈبل کیبن ویگو گاڑیوں کی خریداری پر لگانا عوام دشمن فیصلہ ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر لگژری گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ مؤخر کیا جائے،اور اس خطیر رقم کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خرچ کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔