چیمپئینز ون ڈے کپ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2024
علیم ڈار اور آصف یعقوب 12 ستمبر کو ڈومیسٹک میچ میں امپائرنگ کے فرائض نبھائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

علیم ڈار اور آصف یعقوب 12 ستمبر کو ڈومیسٹک میچ میں امپائرنگ کے فرائض نبھائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے سابق ایلیٹ پینلسٹ امپائر علیم ڈار اور انٹرنیشنل پینل کے امپائر آصف یعقوب 12 ستمبر کو چیمپئنز ون ڈے کپ میں وولوز اور پینتھرز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ کی امپائرنگ کریں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی پلینگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے، جس میں ولید یعقوب اور ذوالفقار جان بھی تھرڈ اور فورتھ امپائر کے طور پر شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کرکٹ کھیلنی ہے یا نہیں! سرفراز نے احمد، عمر اکمل کو اہم مشورہ دیدیا

علیم ڈار، آصف یعقوب، ولید یعقوب اور ذوالفقار جان نو امپائرز کے پینل میں شامل ہیں جو ملک کے بہترین کھلاڑیوں کے درمیان چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔

مزید پڑھیں: ذلت آمیز شکست؛ پاکستانی پلئیرز احمد شہزاد کے نشانے پر

دیگر پانچ امپائرز میں فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین اور راشد ریاض شامل ہیں۔

علی نقوی کے علاوہ میچ ریفریز کی ذمہ داریاں بلال خلجی، افتخار احمد، اقبال شیخ، ندیم ارشد اور کامران چوہدری کے درمیان ہوں گی۔

تینوں پلے آف اور فائنل کیلئے امپائر اور میچ ریفری کی تقرری کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔