اسلام آباد، مصروف کاروباری مرکز میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2024
ملزمان نے عمارت میں گھس کر مقتول پر فائرنگ اور باآسانی فرار ہو گئے، عینی شاہدین (فوٹو: فائل)

ملزمان نے عمارت میں گھس کر مقتول پر فائرنگ اور باآسانی فرار ہو گئے، عینی شاہدین (فوٹو: فائل)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف ترین کاروباری مرکز کے قریب فائرنگ کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایٹ مرکز کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔

موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے 5 منٹ تک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھا شخص جاں بحق ہوگیا۔

مقتول فائرنگ سے زخمی ہوکر زیر تعمیر بلڈنگ میں جان بچانے کیلئے چلا گیا تاہم ملزمان نے عمارت میں گھس کر مقتول پر فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہو گئے، ملزمان ڈبل کیبن کار میں سوار تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ مقتول نے جان بچانے کی کوشش کی جس کے باعث اسکی گاڑی درخت سے ٹکرا گئی تھی۔

واقعہ تھانہ آئی نائن کی حدود میں پیش آیا جہاں ابتدائی طور پر متعلقہ تھانہ واقعہ سے لاعلم تھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر روانہ ہوگئی ہے جبکہ مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت قمر راجہ کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول کا قتل دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ مقتول قمر راجہ کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویگو میں فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ مقتول کے ورثاء سے رابطہ کیا جارہا۔

سینئیر پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ ملزمان کسی صورت بچ نہیں پائیں گے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، مقتول قمر راجہ کی کار میں اسکا ساتھی فرار ہونے کی وجہ سے بچ گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔